ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انسپکٹر جنرل آف پولس ہری شیکھرن کی بھٹکل آمد پر تنظیم وفد کی ملاقات؛ حالات بگاڑنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

انسپکٹر جنرل آف پولس ہری شیکھرن کی بھٹکل آمد پر تنظیم وفد کی ملاقات؛ حالات بگاڑنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

Sat, 11 Mar 2017 21:35:34    S.O. News Service

بھٹکل 11/ مارچ (ایس او نیوز)  انسپکٹر جنرل آف پولس ہری شیکھرن کی بھٹکل آمد پر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم  کے ایک وفد نے ان سے سرکیوٹ ہائوس میں ملاقات کی اور بھٹکل میں چند ماہ قبل پیش آئے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے شرپسندوں اور سماج دشمن عناصروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

وفد کی قیادت کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے آئی جی پی ہری شیکھرن سے تنظیم کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بھٹکل کے حالات کے تعلق سے گفتگو کی۔ انہوں نے کچھ ماہ قبل پیش آئے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بھٹکل میں حالات خراب کرنے اور ہندئوں اورمسلمانوں کے درمیان غلط فہمیاں پیداکرنے کی غرض سے مندروں میں گائے کا گوشت، گائے کی ہڈیاں اور گائے کا سر وغیرہ پھینک کر حالات کو خراب کی کوششیں کی جاچکی ہیں، مگر اس معاملے میں چھان بین کے بعد اُس وقت کی پی ایس آئی  ریوتی نے وزیر داخلہ اور پولس کے اعلیٰ حکام کو خطوط لکھ کر شرپسندوں کے تعلق سے معلومات فراہم کی تھیں، مگر اُس معاملے کو سرد بستے میں ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے عناصروں کو بخشا جاتا رہا تو ان عناصروں کی ہمت  بڑھے گی اور یہ شہر میں حالات خراب کرنے مزید کوششیں کرتے رہیں گے، لہٰذا تنظیم آپ سے اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ اُن شرپسندعناصروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے ۔

عنایت اللہ شاہ بندری نے تنظیم کے تعلق سے بتایا کہ یہ ادارہ ہمیشہ بھٹکل میں امن وامان کی فضا قائم کرنے ہمیشہ محترک رہتا ہے اور پولس اور انتظامیہ کے ساتھ ہمیشہ تعائون کرتا آیا ہے۔  انہوں نے یقین دلایا کہ  تنظیم آئندہ بھی محکمہ پولس کے ساتھ تعائون  کرے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ویسٹرن رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولس ہری شیکھرن نے  ضلعی ایس پی ونائک پاٹل اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی کو ضروری ہدایات جاری کیں اور شرپسندوں کے خلاف کاروائی کرنے نیز بھٹکل میں اس بات کو یقنیی بنانے کی تاکید کی کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہونے پائے۔ انہوں نے بھٹکل ڈی وائی ایس پی  شیو پرکاش کو ہدایت دی کہ بھٹکل کی تمام مساجد اور مندروں میں  سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور شرپسندوں کو اس بات کا موقع نہ دیں کہ وہ دوبارہ کسی عبادت گاہ کو نشانہ نہ بناسکے۔

تنظیم وفد میں  ایس جے ہاشم،  عبداللہ دامودی، ایڈوکیٹ عمران لنکا،  صدیق ڈی ایف اور  میراں صدیقہ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

کیا ضلعی پولس سنگھ پریوار کے دبائو میں کام کررہی ہے ؟:  تنظیم وفد سے ملاقات کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولس پی ہری شیکھرن نے  اس الزام کی تردید کی کہ ضلع کی پولس سنگھ پریوار کے دبائو میں کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسی میں اسپتال کے ڈاکٹروں پر حملہ کے بعد  ایم پی آننت کمار ہیگڈے کو گرفتار نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ  وہ واقعے کے فوری بعد دہلی روانہ  ہوگیا تھا،  جیسے ہی اُس کی واپسی ہوئی اُس نے عدالت میں خود سپردگی کی، بھٹکل میں  ایک بی جے پی لیڈر کی گرفتاری نہ کئے جانے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ  جیسے ہی پولس نے اُسے گرفتار کرنے کی کوشش کی، اُس نے پولس کی گرفتاری کے ڈر سے  خود عدالت پہنچ کر خودسپردگی کی تھی۔ بھٹکل میں حال ہی میں ہوئے عصمت دری کی کوشش کرکے فرار ہونے  والے ایک ملزم کے  تعلق سے انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ دنوں تک پولس سے چھپ کر بھاگ نہیں سکے گا کیونکہ   پولس اُسے بہت جلد گرفتار کرلے گی۔


Share: